۱ آبان ۱۴۰۳ |۱۸ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Oct 22, 2024
شورای علمای شیعه افغانستان

حوزہ / شیعہ علما کونسل افغانستان نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کی شہادت پر جاری کردہ پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ مقاومت کے رہنماؤں کی شہادت کے باوجود آزادی کی جدوجہد کا پرچم زمین پر نہیں گرے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علما کونسل افغانستان نے اپنے پیغام میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ یحیی السنوار کی شہادت پر تمام مسلمانوں اور دنیا کے آزاد انسانوں کو تبریک اور تعزیت پیش کی ہے۔

افغانستان کی شیعہ علما کونسل کی جانب سے یحیی السنوار کی شہادت کے حوالے سے جاری کردہ بیان درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

مِّنَ ٱلمُؤۡمِنِینَ رِجَالࣱ صَدَقُواْ مَا عَٰهَدُواْ ٱللَّهَ عَلَیهِۖ فَمِنهُم مَّن قَضَیٰ نَحبَهُۥ وَمِنهُم مَّن یَنتَظِرُۖ وَمَا بَدَّلُواْ تبدیلا/ قرآن کریم؛

صہیونی قابضوں نے اپنی نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کو جاری رکھتے ہوئے مقاومت کے ایک اور بہادر اور عظیم کمانڈر کو شہید کر دیا۔

یحیی السنوار نے بچپن سے ہی اپنے آبائی وطن میں ظلم، جارحیت، قبضہ اور بے حرمتی کو مشاہدہ کیا اور جب وہ مسجد الاقصیٰ میں نماز پڑھنے کے لیے گئے تو اسے بھی قابض جابروں کے قبضے میں پایا۔

اسی لمحے سے انہوں نے بیت المقدس، فلسطین کی آزادی اور اس مقدس سرزمین کے مسلمان باسیوں کی عظمت اور عزت کی بحالی کے لیے خود کو وقف کر دیا۔

پھر جوانی میں انہوں نے اپنی زندگی کے 22 سال قابض حکومت کے قید خانوں میں شدید اذیتوں میں گزارے اور قید سے رہائی کے بعد پہلے سے بھی زیادہ بہادری اور جرأت کے ساتھ جہادی سرگرمیوں اور جدوجہد کو جاری رکھا، یہاں تک کہ ایک ہاتھ کٹنے کے بعد میدان جنگ میں جام شہادت نوش کیا۔

شیعہ علما کونسل افغانستان اس بہادر مجاہد کی شہادت پر تمام مسلمانوں اور دنیا کے آزاد انسانوں، خصوصاً فلسطین کے صابر اور بہادر عوام اور خاص طور پر ان کے ساتھیوں اور خاندان کو تبریک اور تعزیت پیش کرتی ہے اور اس عظیم شہید کے لیے خداوند سے بلند درجات کی دعا کرتی ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ قدس شریف اور مقبوضہ علاقوں کی آزادی تک فلسطینی عوام کی جدوجہد اور جنگ جاری رہے گی اور وہ دن زیادہ دور نہیں ہے، ان شاءاللہ۔

والسلام علیکم و رحمت اللہ

شیعہ علما کونسل افغانستان

20/10/2024ء

تبصرہ ارسال

You are replying to: .